افکار ضیاء

مناقب حضرت علی علیہ السلام

فضائل علی علیہ السلام

ضیاء الافاضل مولانا سید غافر رضوی

علی علیم ہیں، عالم علی، علی آقا
علی ولی، علی والیِ دیں، علی مولا

علی حقیقت روح و روانِ عالم ہیں
علی ہیں نوح کی کشتی، جہان ہے دریا

علی معلم جبریل ہے خدا کی قسم
سکھائے اس نے ہی آدم کو معتبر اسماء

علی ہیں مظہرِ دیں، کفر دشمنی انکی
علی ولی خدا، دشمنِ عدوئے خدا

علی ہی حج ہیں، علی کعبہ ہیں، علی زمزم
علی سعی ہیں، علی ہی صفا، علی مروہ

علی صراط ہیں، میزاں علی، علی محشر
علی بہشت ہیں، کوثر علی، علی طوبیٰ

علی اذان و اقامت، علی رکوع و سجود
علی قیام و قعود و سلام اور دعا

علی وصی نبی ہیں، علی ہی نفس خدا
پدر بنے ہیں اماموں کے، شوہرِ زہرا

علی، محمد و رحمٰن و نور و کوثر، قدر
علی، مزمل و یاسین و یوسف و طہٰ

جدا علی سے میں ہوجاؤں یہ خدا نہ کرے
جدائی ان سے ہی کردیتی ہے خدا سے جدا

بنا ولائے علی، ہر ثواب، بے مفہوم
نماز، ان کی محبت بغیر،  بے معنا

وہ گنگ ہو جو علی کی ثنا نہ کرپائے
کٹے زبان جو کر پائے نہ علی کی ثنا

قسم رسول خدا کی، علی ہی قرآں ہیں
علی بغیر، ہر اک زندگی ہے مثل فنا

اگر نصیب، ولایت کا ایک ذرّہ ہو
تمام خلق کو کافی رہے بروزِ جزا

اگر ہو دل میں ذرا بھی محبت حیدر
رہے نہ دل میں ذرا بھی محبت دنیا

علی شہید ہیں، شاہد علی، علی مشہود
علی فلاح ہیں، مُنجی علی، علی مُنجیٰ

اگر تمام جہاں ہو علی سے روگرداں
خدا گواہ، غلط راستہ جہاں نے چُنا

حیات ان کی تھی وقفِ رسول اے غافر
حیات کیجئے اپنی سپردِ شیرِ خدا
***
فخر انبیا حیدرؑ
ضیاء الافاضل مولانا سید غافر رضوی
کعبہ بولا کہ شکریہ حیدر
پاک تم نے مجھے کیا حیدر

ہم نے جب بھی کبھی سنا حیدر
قلب، تعظیم کو جھکا حیدر

تم نہ ہوتے تو دین مٹ جاتا
کعبہ رہتا صنم کدہ حیدر

ہے تمہاری رضا رضائے خدا
غیظ بھی غیظِ کبریا حیدر

ہے تمہاری ولا ہی راہ نجات
تم ہی مصداق قل کفیٰ حیدر

یہ شرف بھی تمہیں ملا حیدر
تم بنے زوجِ فاطمہؑ حیدر

آخر اس درد کی دوا کیا ہے
جو کہ سن کر اٹھا ہے، یا حیدر

نفسِ پیغمبرِ خدا بن کر
آئے بہرِ مباہلہ حیدر

آدمؑ و نوحؑ و خضرؑ کی سوگند
بن گئے فخرِ انبیا حیدر

بابِ توبہ کے بند ہونےتک
مجھ سے عاصی کا آسرا حیدر

قول لولا علی نے سمجھایا
ناصرِ دینِ مصطفےٰ حیدر

مشکلیں دیکھ کر ہوئیں کافور
میرے دل پر لکھا تھا یا حیدر

صرف مولائے کائنات نہیں
ہیں شہنشاہِ دوسَرا حیدر

یہ حقیقت ہے جان لو غافر
رونقِ بزمِ مصطفےٰ حیدر
***



0 Responses

ایک تبصرہ شائع کریں

بزم ضیاء. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.